اتوار 4؍محرم الحرام 1445ھ23؍جولائی 2023ء

خیبر کی تحصیل باڑہ میں خودکش حملے کی CCTV ویڈیو سامنے آگئی

خیبر کی تحصیل باڑہ میں خودکش حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی، دو حملہ آور باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ میں مین گیٹ سے داخل ہوئے، خودکش حملہ آوروں نے مین گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار پر فائرنگ کی۔

جمعرات کو باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ مین گیٹ پر 2 خودکش دھماکے ہوئے تھے۔ جن میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ 8 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کی جانب سے خودکش حملہ آوروں کو کمپاؤنڈ میں گھسنے نہیں دیا گیا تھا۔

خیبر کے علاقے باڑہ میں دہشت گردوں کا خود کش حملہ ناکام بنا دیا گیا، 2 خود کش حملہ آور مارے گئے واقعے میں 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ 8 اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ باڑا تحصیل کمپاؤنڈ کے مین گیٹ پر دورانِ تلاشی دھماکا ہوا تھا، کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کا سیل، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبر پختونخوا نے خیبر میں دھماکا خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کمپاؤنڈ میں 2 خود کش حملہ آوروں نے داخل ہونے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سیکیورٹی پہلے ہی ہائی الرٹ تھی۔

آئی جی خیبر پختونخوا کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ، جبکہ دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلے کی کوشش کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے، حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کر لیے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.