جمعرات یکم؍محرم الحرام 1445ھ20؍جولائی 2023ء

بنگلہ دیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کی شیخ الجامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی سے ملاقات

بنگلہ دیش کے کراچی میں تعینات ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محبوب العالم نے جمعرات کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے جامعہ کراچی اور بنگلہ دیش کی مختلف جامعات کے مابین باہمی اشترا ک سے تحقیق کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران ڈپٹی ہائی کمشنر محبوب العالم نے جامعہ کراچی کے شعبہ بنگالی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے حوالے سے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ وہ بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمیشن کے دفتر میں ملازمت کے حصول کے لئے رجوع کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی زبان پر عبور حاصل ہونے کی وجہ سے انہیں ملازمت کے حصول کے لئے آنے والے دیگر افراد پر ترجیح دی جائے گی۔

ڈپٹی ہائی کمشنر نے شیخ الجامعہ کو بنگلہ دیش کی مختلف جامعات کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی جس کو شیخ الجامعہ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دوروں سے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات اور جامعات میں ہونے والی تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں سے آگاہی حاصل ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.