بدھ30؍ذوالحجہ 1444ھ 19جولائی 2023ء

سائفر سے متعلق اعظم خان کے بیان پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سائفر سے متعلق اپنا بیان ریکارڈ کروادیا، اعظم خان کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رد عمل دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعظم خان نے اپنا بیان 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروایا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں سائفر کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے۔

اس پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اعظم خان سے منسوب غیر مصدقہ بیان تضادات کا مجموعہ ہے، اعظم خان کی گمشدگی کا مقدمہ درج ہے، پولیس انہیں تلاش کرنے میں ناکام ہے، گمشدہ شخص کا مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کروانا قانون کی نگاہ میں نا قابل تصّور ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ لا پتہ شخص کا مبینہ بیان خلاف قانون اور اپنی نوعیت کا ایک الگ جُرم ہے، عجلت میں میڈیا کو جاری کیا گیا اسکرپٹ سائفر پر ریاستی مؤقف کیلئے تباہ کن ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے تحقیقات میں طلبی کا نوٹس چیلنج کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی دو وزرائے اعظم کو سائفر کے مندرجات کی تصدیق کر چکی، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے سائفر کو اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا، سائفر کی بنیاد پر امریکا کو اسلام آباد اور واشنگٹن میں ڈیمارش کیا گیا۔

ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے قبل کابینہ کے خصوصی اجلاس نے سائفر کا جائزہ لیا اور  اسے ڈی کلاسیفائی کیا، اسپیکر قومی اسمبلی اور صدر نے سائفر پر جامع اور مؤثر تحقیقات کیلئے چیف جسٹس پاکستان سے سفارشات کیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.