بدھ30؍ذوالحجہ 1444ھ 19جولائی 2023ء

بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے، شعیب ملک

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا چاہیے اور پاکستان کو بھارت جا کر کھیلنا چاہیے۔

ٹورنٹو میں نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ کا مستقبل روشن ہے۔ مجھے امید ہے کہ آنے والے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں رنگپور رائیڈرز کی طرف سے کھیلنے والے شعیب ملک نے کہا کہ ’میرا یقین کریں حالانکہ میں ٹیم میں عمر میں سب سے بڑا ہوں، آپ میری فٹنس کا 25 سالہ کھلاڑی سے موازنہ کر سکتے ہیں‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھیل سرحدوں کا محتاج نہیں ہے، کھیل لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے اور چھوٹی موٹی ناراضگیاں بھی دور کرتا ہے۔ 

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کےلیے نیک خوہشات کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ شعیب ملک ٹورنٹو میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ میں ٹیم مِسّی ساگا پینتھر کی کپتانی کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.