بدھ30؍ذوالحجہ 1444ھ 19جولائی 2023ء

کراچی میں 20 تا 23 جولائی مون سون بارش کی نوید

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز اور موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کراچی میں 20 سے23 جولائی کے دوران بارش کی نوید سنا دی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں آج شام سے مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتی ہیں، جن کے تحت کراچی میں 20 سے 23 جولائی کے دوران بارش ہو سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 20 سے 23 جولائی کےدوران ہی سندھ کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ملک کےسب سے بڑے شہر کراچی میں کل اور پرسوں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ مون سون کے دوسرے اسپیل میں کراچی کے بیشتر مقامات پر ہلکی اور کہیں معتدل بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ اس دوران کراچی میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ 24 یا 25 جولائی سے ایک بار پھر مون سون کے سسٹم کے زیرِ اثر بارش کا امکان ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج اور کل موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جس کے باعث درجۂ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کے زیرِ اثر کراچی میں 20 سے 23 جولائی کے دوران ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں 21 سے 23 جولائی کے دوران موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ 25 سے 30 جولائی کے دوران سسٹم کے دوسرے فیز کے زیرِ اثر سندھ میں بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ دوسرے فیز میں بڑے پیمانے پر بارش کا امکان رہے گا، جبکہ آئندہ 10 سے 15 دنوں کے دوران پاکستان میں مختلف موسمی سسٹمز اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسمی سسٹمز کے زیرِ اثر سندھ میں بھی بارشوں کا امکان رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.