پیر28؍ذوالحجہ 1444ھ17؍جولائی 2023ء

گلستان جوہر میں لڑکی کو ہراساں کرنیوالے ملزم کو پکڑنے میں پولیس ناکام

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے نازیبا واقعے کو 15 روز گزر گئے لیکن پولیس اب تک ملزم کو پکڑنے میں ناکام ہے۔ متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا لیکن واقعے میں ملوث اصل ملزم اب تک آزاد فضا میں سانس لے کر قانون کو منہ چڑا رہا ہے۔

3 جولائی کو گلستان جوہر کے علاقے میں لڑکی کے ساتھ نازیبا واقعہ پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوگئی۔ فوٹیج میں ملزم اپنی شناخت چھپانے کی غرض سے سرجیکل ماسک لگایا ہوا نظر آ رہا ہے جبکہ اس کی موٹر سائیکل بھی بغیر نمبر پلیٹ کی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ لڑکی کو تلاش کیا لیکن اس نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا جس کے بعد پولیس نے سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی قائم کی۔

واقعے کی تفتیش میں اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوسکی اور واقعے میں ملوث ملزم اب تک پولیس کی گرفت سے باہر ہے۔

پولیس نے ملزم کا خاکہ بھی بنوایا جس کی بنیاد پر کئی مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا لیکن اصل ملزم ہاتھ نہ آسکا۔

پولیس نے تقریباً 250 افراد کے بیانات قلمبند کیے اور 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں لیکن کسی میں بھی ملزم کا چہرہ واضح نہیں ہوسکا۔

جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی کسی کام نہ آسکی، پولیس اب تک ملزم کو پکڑنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.