پیر28؍ذوالحجہ 1444ھ17؍جولائی 2023ء

سیکریٹری بی آئی ایس پی کا مستحقین کی شکایات کے ازالے کیلئے ای-کچہری کا انعقاد

سیکریٹری بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) عامر علی احمد نے پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے ساتھ گفتگو اور ان کی شکایات کو براہِ راست حل کرنے کےلیے آج ای-کچہری کا انعقاد کیا۔ اس کچہری میں ملک بھر سے مستفید ہونے والوں نے شرکت کی۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ ای-کچہری کے دوران زیادہ تر شکایات کی فوری طور پر جانچ پڑتال کی گئی اور موقع پر ہی ان کی اصلاح کی گئی جو پروگرام کی مؤثر خدمات کی فراہمی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ باقی ماندہ شکایات کےلیے سیکریٹری بی آئی ایس پی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تین گھنٹے کے اندر ان کے حل کو یقینی بنائیں۔

سیکریٹری بی آئی ایس پی نے بقیہ شکایات کے حل کی تصدیق کےلیے 3 گھنٹے بعد فالو اپ میٹنگ بھی کی۔ اجلاس میں تمام صوبائی ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔ تمام صوبائی ڈی جیز نے سیکریٹری بی آئی ایس پی کو بقیہ ماندہ شکایات کے حل کےلیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام مالی سال 23-2022 کے لیے بےنظیر کفالت کی چوتھی سہ ماہی قسط بھی جاری کر رہا ہے اور اب تک 7.7 ملین سے زائد مستحق خواتین میں 69 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔

بےنظیر کفالت کے تحت 90 لاکھ رجسٹرڈ مستفید خاندان فی خاندان 9 ہزار روپے کی سہ ماہی قسط کے حقدار ہیں۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام پہلے ہی اپنے پارٹنر بینکوں، یعنی بینک الفلاح اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کو ان کے نیٹ ورک کے ذریعے مستحقین میں تقسیم کرنے کےلیے 81 ارب روپے سے زائد جاری کر چکا ہے۔

بےنظیر کفالت کے ساتھ ساتھ رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کو بینظیر تعلیمی وظائف بھی دیے جا رہے ہیں، تاہم ان وظائف کے حصول کےلیے اسکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔

کسی بھی شکایت کی صورت میں، مستفید ہونے والے بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر کال کر سکتے ہیں۔

بی آئی ایس پی کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کوئی بھی پیغام صرف 8171 سے بھیجا جاتا ہے اور کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغام پر بھروسہ نہیں کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.