پیر28؍ذوالحجہ 1444ھ17؍جولائی 2023ء

کئی ماہ تک بحر الکاہل میں پھنسنے والے ملاح اور پالتو کتے نے کیسے گزارا کیا؟

آسٹریلوی ملاح اور اس کے کتے کو بحر الکاہل میں تقریباً تین ماہ تک پھنسے رہنے کے بعد بلآخر ریسکیو کرلیا گیا۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق 51 سالہ ٹم شیڈاک نامی شخص کا تعلق آسٹریلوی شہر سڈنی سے ہے جو اپریل میں اپنے پالتو کتے بیلا کے ہمراہ میکسیکو سے فرانسیسی پولینیشیا کے لیے روانہ ہوا تھا لیکن اس کی کشتی طوفان کی نذر ہوگئی۔

نتیجتاً ان کی کشتی بحر الکاہل میں پھنس گئی اور ان کا زمین سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد ٹم شیڈاک اور بیلا نے 3 ماہ کچی مچھلی اور بارش کے پانی پر گزارا کیا۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ہفتے ایک ہیلی کاپٹر نے انہیں زندہ دیکھا تو ریسکیو کے لئے پہنچ گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ شیڈاک اور بیلا دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔

آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹم شیڈاک نے کہا کہ میں بالکل صحت مند محسوس کر رہا ہوں تاہم سمندر میں بہت طویل عرصہ گزارنے کی وجہ سے مجھے اب صرف آرام اور اچھے کھانے کی ضرورت ہے کیونکہ میں طویل عرصے سے سمندر میں اکیلا رہا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ خود کو اور بیلا کو دھوپ سے محفوظ رکھنے کے لیے کشتی پر بنی چھتری میں پناہ لی، دونوں کو فی الحال طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.