جمعرات یکم؍محرم الحرام 1445ھ20؍جولائی 2023ء

پرویز الہٰی کے وکلاء نے نظربندی کیخلاف درخواست واپس لے لی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کے وکلاء نے نظر بندی کے خلاف درخواست واپس لے لی۔

لاہور ہائی کورٹ میں پرویز الہٰی کی نظربندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے پرویز الہٰی کے وکلاء کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ نظربندی کے خلاف ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کو درخواست دیں، وہ آپ کو سن کر فیصلہ کر دیں گے، آپ کے پاس متعلقہ فورم موجود ہے، آپ پہلے وہاں رجوع کریں۔

پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ کئی ایسے فیصلے موجود ہیں کہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے اپنی نظربندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے پرویز الہٰی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ  آپ پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کریں، متعلقہ فورم کے فیصلے کے خلاف یہاں رجوع کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہے آپ متعلقہ فورم سے رجوع کریں،آپ آج ہی ڈی سی کو درخواست دے دیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کے لیے تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے چوہدری پرویز الہٰی کی نظربندی کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو تھری ایم پی او کے تحت نظربند رکھنے کے لیے پولیس نے سفارش کی تھی جس پر چوہدری پرویز الہٰی کی ایک ماہ کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.