جمعیت علما اسلام کے مرکزی مجلس عاملہ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافی بیانات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان حالات بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
جے یو آئی اجلاس میں انتخابات میں بھرپور انداز سے شمولیت کےلیے مہم چلانے پر فیصلہ بھی کیا گیا۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت جے یو آئی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ جے یو آئی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے جے یو آئی کا اجلاس پیر کو بھی جاری رہے گا۔
جے یو آئی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافی بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں برادر اسلامی ملک افہام و تفہیم کے راستے کو اختیار کریں۔
اجلاس نے تجویز دی کہ حالات کی بہتری کےلیے سیاسی اور عسکری سطح پر دونوں ملکوں میں رابطہ ہونا چاہیے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی بحالی کےلیے روابط جاری رکھنا ناگزیر ہے اور دونوں ممالک میں امن و استحکام افغانستان اور پاکستان کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کو اپنا کردار ادا کرنے کےلیے آگے بڑھنا ہوگا۔
اجلاس میں دستوری کمیٹی کی سفارشات بھی پیش کی گئی ہے۔
Comments are closed.