جمعرات یکم؍محرم الحرام 1445ھ20؍جولائی 2023ء

گال ٹیسٹ: پہلا دن ختم، پاکستان کے جلد وکٹیں لینے کے باوجود سری لنکا کا کم بیک، 6 وکٹوں پر 242 رنز

گال ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف کھیل کے اختتام تک 6 وکٹ پر 242 رنز بنا لیے۔ دو مرتبہ بارش سے متاثر ہونے کے سبب پہلے روز 65 اعشاریہ 4 اوورز کا کھیل ہوسکا۔ پاکستان کی جانب سے پہلے ہی سیشن میں 4 وکٹیں لینے کے باوجود ہوم ٹیم نے زبردست کم بیک کیا۔

سری لنکا کے مڈل آرڈر بیٹر دھننجایا ڈی سلوا شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ایک اور تجربہ کار کھلاڑی اینجلو میتھیوز نے 64 رنز بنائے، سدیرا سماراوکرما نے 36 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔ آغا سلمان، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پہلے ہی سیشن میں فاسٹ بولر شاہین آفریدی سری لنکن بیٹرز کو پریشان کرنے لگے اور انہوں نے جلد ابتدائی 2 وکٹیں حاصل کرلیں۔

پاکستان کے خلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری جب نشان مدوشکا کو 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا تھا۔

اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔

بعدازاں سری لنکا کی دوسری وکٹ 22 رنز پر گری جب کوشال مینڈس 12 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پہلے سیشن میں سری لنکا کی تیسری وکٹ 53 رنز پر گری اور یہ بھی شاہین آفریدی نے ہی حاصل کی۔

شاہین شاہ آفریدی نے گال ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی سیشن میں ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔

انہوں نے سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے کو 29 رنز پر آؤٹ کیا۔

پاکستان کےلیے چوتھی وکٹ 54 کے اسکور پر نسیم شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے دنیش چندیمل کو ایک رن پر کیچ آؤٹ کروایا۔

سری لنکن ٹیم کےلیے مزاحمت دکھانے والے انجیلو میتھیوز ابرار احمد کی گیند پر 64 رنز پر سرفراز احمد کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔

یوں پاکستان نے دوسرے سیشن میں 185 رنز پر سری لنکا کی آدھی ٹیم کو واپس پویلین بھیج دیا تھا۔

سری لنکا کی چھٹی اور دن کی آخری وکٹ سماراوکراما کی صورت میں گری جب آغا سلمان کی گیند پر امام الحق نے عمدہ کیچ لیتے ہوئے انکی اننگز کا خاتمہ کیا۔ 

پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، شان مسعود، عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، نعمان علی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

ٹاس کے موقع پر بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز میں کھیلنا آسان نہیں۔

دوسری جانب سری لنکن محکمہ موسمیات نے گال ٹیسٹ کے دوران پانچوں دن بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.