بدھ30؍ذوالحجہ 1444ھ 19جولائی 2023ء

چوہدریوں کو اپنی باتوں کی خود سمجھ نہیں: جج کی فواد چوہدری کے وکیل سے گفتگو

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کے خلاف سرکاری افسران کو اکسانے کے کیس میں ان کے وکیل سے گفتگو میں ریمارکس دیے ہیں کہ چوہدریوں کو اپنی باتوں کی خود سمجھ نہیں، چوہدری پہلے کہہ کر کہتے ہیں کہ میں نے تو ایسا نہیں کہا تھا۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں ملزم فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے جنہوں نے فواد چوہدری کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ والدہ کی طبیعت ناساز ہے، اس لیے فواد چوہدری لاہور میں موجود ہیں۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سرکاری ملازمین کو اکسانے کے کیس میں فواد چوہدری کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی۔

جج طاہر عباس سِپرا نے فیصل چوہدری سے سوال کیا کہ آپ فواد چوہدری سے چھوٹے ہیں یا بڑے؟

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمر میں چھوٹا ہوں لیکن وزن میں بڑا ہوں۔

جج نے کہا کہ چھوٹوں سے محبت زیادہ ہوتی ہے، آپ والدہ کو چھوڑ کر یہاں موجود ہیں؟ چوہدریوں کو اپنی باتوں کی خود سمجھ نہیں، چوہدری پہلے کہہ کر کہتے ہیں کہ میں نے تو ایسا نہیں کہا تھا۔

عدالت نے پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت تک فواد چوہدری کو دستاویزات مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فواد چوہدری کے خلاف کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.