ہفتہ 26؍ذوالحجہ 1444ھ15؍جولائی 2023ء

جعلی پاکستانی دستاویزات پر کراچی سے قطر جانے کی کوشش، ایرانی شہری گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے امیگریشن سیل نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایرانی شہری کو گرفتار کر لیا جو جعلی پاکستانی سفری دستاویزات پر ملازمت کے لیے قطر جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

جاسم نامی ملزم کے موبائل فون کے معائنے کے دوران ڈیٹا میں ایرانی شہریت کی دستاویزات بھی موجود تھیں۔

ملزم اپنے پاس موجود پاکستانی سفری دستاویزات پر درج رہائشی پتے اور اہلِ خانہ کی تفصیلات کے حوالے سے جوابات دینے سے قاصر رہا۔

ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی بورڈنگ پاس اور بغیر امیگریشن کروائے کینیڈا جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔

دورانِ تفتیش یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ملزم نے پاکستانی سفری دستاویزات مبینہ طور پر انسانی اسمگلر کی مدد سے حاصل کی تھیں۔

ملزم کو حراست میں لیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.