ہفتہ 26؍ذوالحجہ 1444ھ15؍جولائی 2023ء

چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف عدت کے دوران نکاح کیس پر دائر اپیل منظور کرلی گئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے خلاف عدت کے دوران نکاح کیس پر دائر اپیل منظور کرلی گئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے دوران عدت نکاح کیس کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے قابل سماعت قرار دے دیا۔

سیشن جج اعظم خان نے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

سول جج نصر مِن اللّٰہ کے فیصلے کو سیشن جج اعظم خان نے کالعدم قرار دے دیا۔ نصر مِن اللّٰہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس کو نا قابلِ سماعت قرار دیا تھا۔

کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر رانا حسن عباس اور درخواست گزار وکیل رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

وکیل رضوان عباسی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو دوبارہ نکاح کی ضرورت نہیں تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کا نکاح ایک بار ہو چکا تھا، ان کے نکاح خواں نے اپنا بیان سول عدالت میں ریکارڈ کروایا، نکاح خواں مفتی سعید کے مطابق بشریٰ بی بی کی نکاح سے قبل عدت پوری نہیں ہوئی تھی، کیس کا دائرہ اختیار اسلام آباد میں بنتا ہے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ بنی گالا تھی۔

پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف دائر اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نکاح لاہور میں ہوا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیس لاہور میں دائر کرنا بنتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف پرائیویٹ شکایت ہے، سرکار کو نوٹس کرنا نہیں بنتا، جرم میں ساتھ رہنے کا ذکر نہیں، صرف نکاح کی تقریب کا ذکر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.