بدھ 23؍ذوالحجہ 1444ھ12؍جولائی 2023ء

عراق اپنی سرحدوں کو محفوظ، کرد باغیوں کو غیر مسلح کرے، ایرانی جنرل

ایران کی فوج نے عراق کو متنبہ کیا ہے کہ وہ 22 ستمبر تک اپنی سرحد کو محفوظ بنائے اور کردستان کے علاقے میں موجود کرد باغیوں کو غیر مسلح کرے۔

ایران کی مسلح افواج کے چیف میجر جنرل محمد بغیری کا کہنا ہے کہ ہم ستمبر تک انتظار کریں گے کیونکہ عراقی حکومت نے تب تک کا وعدہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ڈیڈلائن گزر گئی اور کرد باغی مسلح رہے یا انہوں نے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں تو ہم ان گروپس کے خلاف آپریشن میں شدت لائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عراق اور ایران نے مارچ میں ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کو سیکیورٹی تعاون میں بہتری لانا تھی، اس معاہدے کا مرکزی نکتہ سرحدوں کی حفاظت تھا۔

پچھلے ہفتے ایران کے وزیر داخلہ احمد واحدی نے اپنے عراقی ہم منصب عبدالامیر الشماری سے مہران بارڈر پر ملاقات کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی پوائنٹس قائم کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ بہت عرصے سے ایران کا کردستان کی علاقائی حکومت پر الزام ہے کہ وہ مسلح باغی گروپس کو پناہ دیے ہوئے ہیں، ایران ان افراد کو دہشتگرد سمجھتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.