بدھ 23؍ذوالحجہ 1444ھ12؍جولائی 2023ء

حاجی ثناء اللّٰہ سمیت لاکھوں حاجیوں کی دعاؤں سے پاکستان آئی ایم ایف کے امتحان سے نکلا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف  کا کہنا ہے کہ حاجی ثناء اللّٰہ سمیت لاکھوں حاجیوں کی دعاؤں سے پاکستان انٹرنیشنل مانیٹر فنڈ (آئی ایم ایف) کے امتحان سے نکلا، امید ہے کہ آج عالمی مالیاتی فنڈ کا بورڈ پاکستان کے پروگرام کی منظوری دے دے گا۔

اسلام آباد میں فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی کا پروگرام تیار کیا جاچکا ہے، مسلح افواج بھی معاشی بحالی کے پروگرام میں شریک ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے معیشت کا بیڑا غرق کرنے کےلیے ملک دشمنی کی، دو صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹ ڈالنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے دھاندلی زدہ الیکشن سے اقتدار پر بٹھایا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 4 سال تک معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 4 سال دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی جیب میں رکھ لی، 190 ملین پاؤنڈ کا اسکینڈل بھی سب کے سامنے ہے، 190 ملین پاؤنڈ حکومت کے اکاؤنٹ میں آنے چاہیے تھے یا سپریم کورٹ کے؟ 

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے حق میں بیان دیا ہے، فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والا اسرائیل کہتا ہے پاکستان میں ظلم ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کا واقعہ تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، میں یہ نہیں کہتا کہ ہمیں ووٹ دیں، مگر ووٹ دینے سے پہلے سوچیں اور تحقیق ضرور کریں۔

انکا کہنا تھا کہ عوام جسے ووٹ دیں گے ہم اسے تسلیم کریں گے، اگر عوام نے کسی اور حب الوطن پارٹی کو ووٹ دیا تو اسے تسلیم کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.