استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ عثمان بزدار نے بھی پارٹی میں شمولیت کیلئے بارہا رابطہ کیا لیکن یہ فیصلہ کیا گيا ہے کہ انہیں پارٹی میں قبول نہیں کیا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہماری جماعت سے سب سے زیادہ رابطہ عثمان بزدار نے کیا ہے، پارٹی میں مشاورت ہوئی ہم نے کہا کہ عثمان بزدار کو وہاں جانا چاہیے جو ان کی جگہ ہے، عثمان بزدار ریسٹ پر جانا چاہتے ہیں جبکہ ان کو اریسٹ پر جانا چاہیے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ مجھے عثمان بزدار کے امیج بلڈنگ کے لیے بھیجا گیا تھا، میں نے دیکھا کہ نانا جی کی دکان لگی ہے اور ہر کوئی لوٹ کھسوٹ کر رہا ہے، میرا جرم یہ تھا کہ میں نے وہ حقیقت اپنے پیارے اور صادق امین لیڈر کو بتائی، بجائے اس کے کہ میری تعریف ہوتی مجھے ہی مستعفی ہونے کا کہا گیا۔
رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے یہ بھی کہا کہ جس کے یہ ایجنڈے ہوں یقیناً اس پر مقدمات بھی اتنے ہی ہوں گے، پی ٹی آئی نے 9 مئی کے بعد سیاست میں زلزلہ پیدا کیا ہوا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں میرا جرم ہی یہی تھا کہ میں نے سچ بولا تھا، ڈیڑھ سال سے میں اس ڈرامے کا حصہ نہیں تھی کیا مجھے آپ نے زمان پارک میں دیکھا؟
Comments are closed.