پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز کے لیے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیانا بیگ نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہماری ہوم سیریز ایک چیلنج ہے، ہم ان کے خلاف کھیل چکے ہیں لیکن جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آ رہی ہے، اس کے لیے ہم بہت پُرجوش اور سیریز کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں، ہوم سیریز کی تیاری کے لیے ابھی سے کام کا آغاز کر دیا ہے، ان کے خلاف اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گی۔
ڈیانا بیگ نے بتایا کہ اسکلز کیمپ میں اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے کام کیا ہے، موسم کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، زیادہ تر بارشیں ہوتی رہی ہیں لیکن جم میں فٹنس اور انڈور اسکول میں اسکلز پر کام کیا، آف سیزن میں ایسے کیمپ بہت ضروری ہوتے ہیں، سیزن جب شروع ہوتا ہے تو پھر کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
ان کا کہنا ہے کہ انفرادی طور پر میں نے کوشش کی ہے کہ اسی طرح بولنگ کروں جیسے میں میچز میں کرتی ہوں، سخت ٹریننگ کی اور زیادہ بوجھ ڈالا تاکہ مجھے میچز میں فائدہ ہو۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم اگست، ستمبر میں کراچی میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی یہ ان کا پہلا پاکستان کا دورہ ہے۔
Comments are closed.