بدھ 23؍ذوالحجہ 1444ھ12؍جولائی 2023ء

بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا: پی ڈی ایم اے

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بتایا ہے کہ بھارت نے دریائے راوی میں پانی چھوڑ دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایک لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی دریائے راوی میں چھوڑا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت نے 1 لاکھ 73 ہزار کیوسک پانی چھوڑا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دریائے راوی سے منسلک اضلاع کی انتظامیہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے، دریائے راوی اور چناب میں سیلاب کا خطرہ ہے، حافظ آباد اور نارروال میں فلڈ وارننگ جاری کر دی گئی، دریاوں اور نالوں کے کنارے مختلف مقامات پر فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

لاہور، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارشوں کے امکانات ہیں، دریائے ستلج اور منسلک نالوں بھمبر، دیگ، پالکھو اور بسنتر میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حیسن کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں سیلاب کا خدشے کی وجہ سے کوٹ غلام کے نزدیک 2 ریلیف کیمپس بنا دیے ہیں۔

ملک میں حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 78 ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ کوٹ غلام سے کوٹ نکا تک علاقہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے، انتظامی افسران نے موقع پر دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا، ہیڈمرالہ پر اپ اسٹریم میں 1 لاکھ 39 ہزار 492 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے۔

صفدر حیسن کا کہنا ہے کہ ہیڈمرالہ پر ڈاؤن اسٹریم میں1 لاکھ 18ہزار 43 ہزار 692 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے، ہیڈ خانکی پر اپ اسٹریم 54404 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم 47300 کیوسک پانی ریکارڈ ہوا۔

صفدر حیسن نے کہا کہ ہیڈ قادر آباد پر اپ اسٹریم 49801 اور ڈاؤن اسٹریم27801 کیوسک پانی کا رکارڈ ہوا، منگلا پر اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم پر 10000کیوسک پانی گزر رہا ہے، تمام مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کےمطابق ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گجرات گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، پانی کے بہاؤ کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے متحرک ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.