جمعہ 18؍ذوالحجہ 1444ھ7؍جولائی 2023ء

مظفرگڑھ : پسند کی شادی کیلئے گھر سے نکلے لڑکا لڑکی دریائے سندھ میں ڈوب گئے

ضلع مظفرگڑھ  میں گھر سے بھاگنے والے لڑکا اور لڑکی دریائے سندھ پار کرتے ہوئے ڈوب گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں دو روز قبل پسند کی شادی کرنے کے لئے گھر سے بھاگنے والے لڑکا اور لڑکی دریائے سندھ پار کرتے ہوئے ڈوب گئے تاہم لڑکا اپنی مدد آپ کے تحت دریا سے نکل آیا جبکہ لڑکی جان کی بازی ہار گئی، جس کی لاش نکال کر تدفین کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 2 روز قبل پیش آیا، لڑکا اور لڑکی لکڑی کے تختے پر بیٹھ کر دریا پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ڈوب گئے۔ 

پولیس کے مطابق لڑکا اور لڑکی مبینہ طور پر پسند کی شادی کے لیے گھر سے نکلے تھے، دریائے سندھ میں ڈوبنے والی لڑکی کے ورثاء نے لڑکے پر اغوا اور قتل کے الزامات عائد کئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کو حراست میں لے کر اغواء کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تقتیش جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.