جمعرات 17؍ذوالحجہ 1444ھ6؍جولائی 2023ء

عالمگیر ترین کی لاش کے قریب سے ملنے والی تحریر سامنے آگئی

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی لاش کے قریب سے ملنے والی تحریر سامنے آگئی۔

عالمگیر خان نے خط میں اپنے بھائی جہانگیر ترین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں نے بھرپور زندگی گزاری ہے، ڈاکٹروں کے چکر نہیں لگانا چاہتا۔ جہانگیر میرے نوکر عالم کا خیال رکھنا، میرے ملازم نے ساری زندگی خدمت کی، اسے پولیس پریشان نہ کرے۔

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے تحریر میں خودکشی کی وجہ اپنی بیماری بتائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پسٹل اور عالمگیر ترین کا لکھا گیا خط فرانزک کیلئے بھجوادیا گیا ہے۔

تحریر کے متن میں کہا گیا کہ میں اپنی زندگی سے پیار کرتا ہوں، 6 مہینے پہلے تک میری زندگی اطمینان بخش تھی، مجھے جِلدی بیماری ہے جس کی وجہ سے مستقل اسٹیرائڈز  لینا پڑتی ہیں، جِلدی بیماری کے علاج کے باعث چہرے کی بائیں جِلد کو نقصان ہوا ہے، مجھے کوئی فائدہ نہیں ہورہا تھا، چہرے کی جِلد کو نقصان پہنچ رہا تھا، جِلدی بیماری سے آنکھیں متاثر ہوئیں جس کے باعث پڑھنا تک بند کر دیا۔

متن کے مطابق  کمر درد کے باعث رات کو نیند کی گولیاں تک کھانی پڑیں، بھرپور زندگی گزاری ہے، ڈاکٹروں کے چکر نہیں لگانا چاہتا۔

یاد رہے کہ عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کی۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ خودکشی کے وقت عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں تھے۔

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر بھی تھے۔

63 سالہ عالمگیر ترین غیر شادی شدہ تھے، ان کی منگنی ہوئی تھی اور وہ رواں برس دسمبر میں شادی کرنے والے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.