جمعرات 17؍ذوالحجہ 1444ھ6؍جولائی 2023ء

توشہ خانہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کل ذاتی حیثیت میں طلب

توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے آج کی سماعت کا مختصر فیصلہ جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

سیشن کورٹ کے مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نے ساڑھے 11 بجے سماعت مقرر کرنے کا کہا، ساڑھے 11 بجے شیر افضل مروت نے کہا کہ خواجہ حارث عدالت پیش ہوں گے۔

مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل اور وکیل گوہر علی خان کچھ دیر بعد عدالت پیش ہوئے، وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ خواجہ حارث لاہور میں ذاتی مصروفیات کے باعث دستیاب نہیں۔

سیشن کورٹ کا اپنے مختصر فیصلے میں کہنا ہے کہ سماعت ملتوی کرنے اور چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں۔

مختصر فیصلے میں سیشن عدالت کا کہنا ہے کہ وکیل گوہر علی خان نے 10 جولائی تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی مخالفت کی۔

سیشن کورٹ نے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 7 دن میں فیصلے کا کہا ہے۔

مختصر فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جاتی ہے، وکیل گوہر علی خان یقین دہانی کرائیں کہ چیئرمین پی ٹی آئی آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔

سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، خواجہ حارث کو کل پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.