جمعرات 17؍ذوالحجہ 1444ھ6؍جولائی 2023ء

سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن سہولت ملے گی، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری میں سہولت کاری کی خصوصی کونسل (ایف آئی ایف سی) کے قیام سے پاکستان کو ٹیک آف کرنے کا دوبارہ موقع مل گیا، اب سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن سہولت ملے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ سرمایہ کاری میں سہولت کاری کی خصوصی کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف بھی شریک ہوئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ایک بھی صنعتی زون نہ بنا سکی، جس سے پاکستان منتقل ہونے والی چینی کمپنیاں دیگر ملکوں میں چلی گئیں، سی پیک کو نیا مومینٹم دے رہے ہیں، سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کیلئے  جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی)  کا خصوصی اجلاس 11  جولائی کو بیجنگ میں ہوگا۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سرمایہ کاری میں سہولت کاری کی خصوصی کونسل کی مدد سے زراعت  انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) توانائی اور معدنی شعبے میں سرمایہ کاری سے برآمدات بڑھ جائیں گی۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سالانہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری ڈیڑھ ارب ڈالر ہے، ویتنام میں سالانہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری 30 ارب ڈالر تک ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سرمایہ کاری اور برآمدات کو ہنگامی طور پر فروغ دیا جائے گا، سی پیک کے تحت 28 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری آچکی، سی پیک سے پاکستان دنیا کی توجہ کا مرکز بنا، گزشتہ حکومت نے جہاں دیگر شعبوں کو تباہ کیا سی پیک بھی نشانہ بنا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ 2018 کے بعد حکومت کا منفی ایجنڈا تھا انتقامی سوچ تھی، اب دنیا کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے، گزشتہ حکومت نے جو بھی معاہدہ کیا ہم نے اس کو اون کیا، پاکستان کسی فرد یا سیاسی جماعت کی میراث نہیں، سب کا ملک ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.