ہفتہ 19؍ذوالحجہ 1444ھ8؍جولائی 2023ء

بی آئی ایس پی کے تحت 52 لاکھ مستحقین میں 47 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم

بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت 52 لاکھ مستحقین میں 47 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔

ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی سال 23-2022 کی بےنظیر کفالت کی چوتھی سہ ماہی قسط کی ادائیگی جاری ہے اور اب تک 52 لاکھ سے زائد مستحق خواتین میں 47 ارب روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ 

عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد بینکوں کے ریٹیلرز کے ذریعے قسط کی تقسیم دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔

بےنظیر کفالت کے تحت 90 لاکھ رجسٹرڈ گھرانوں کو 9000 روپے فی خاندان ادا کیے جارہے ہیں۔ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے پارٹنر بینکوں، یعنی بینک الفلاح اور حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کو 81 ارب روپے سے زائد کی رقم جاری کر چکا ہے۔

پروگرام کے ترجمان نے کہا کہ بےنظیر کفالت کے علاوہ رجسٹرڈ خاندانوں کے بچوں کو بھی بےنظیر تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں، تاہم تعلیمی وظائف کے حصول کےلیے اسکول میں 70 فیصد حاضری لازمی ہے۔

کسی بھی شکایت کی صورت میں مستحق افراد بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفاتر سے رجوع کر سکتے ہیں یا بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر کال کر سکتے ہیں۔

بی آئی ایس پی کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا کوئی بھی پیغام صرف 8171 سے بھیجا جاتا ہے اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر سے آنے والے پیغامات پر بھروسہ نہ کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.