منگل15؍ذوالحجہ 1444ھ4؍جولائی 2023ء

فیوریٹ زمبابوے کو شکست، اسکاٹ لینڈ کی ورلڈکپ کھیلنے کی راہ ہموار

ورلڈکپ کوالیفائر کے اہم میچ میں میزبان اور ایونٹ کی فیوریٹ زمبابوے کو اسکاٹ لینڈ سے 31 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی زمبابوے بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈکپ 2023 کےلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگیا۔ جبکہ اسکاٹش ٹیم کی ورلڈکپ کھیلنے کی راہ ہموار ہوگئی۔

بلاوائیو میں کوالیفائر کے سپر 6 کے اس اہم مقابلے میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔ 

مائیکل لیسک نے 48، میتھیو کراس نے 38، برینڈن میک مولین نے 34، جارج منسے نے 31 اور کرسٹوفر میک برائیڈ نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

زمبابوے کی جانب سے شان ولیم 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔ 

اسکاٹش بولرز نے ہوم ٹیم کےلیے 235 رنز کے ہدف کا تعاقب انتہائی مشکل بنادیا اور زمبابوے کی اِن فارم بیٹنگ لائن بکھر کر رہ گئی۔ 

زمبابوے کی پوری ٹیم 42ویں اوور میں 203 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ شان ولیمز، انوسینٹ کایا، کریگ ایروائن کے ساتھ ساتھ جوئےلینڈ گمبی بھی ناکام ہوگئے۔

ریان برل نے 83، ویسلے مدھیویر نے 40 اور سکندر رضا نے 38 رنز کے ساتھ اسکاٹش بولرز کے سامنے مزاحمت دکھائی لیکن یہ کارگر ثابت نہ ہوسکی اور اسکاٹ لینڈ نے یہ میچ 31 رنز سے جیت لیا۔ 

اسکاٹ لینڈ کی فتح کے ساتھ ہی اسکاٹش ٹیم نے ورلڈکپ کھیلنے کی راہ ہموار کرلی جبکہ زمبابوے ورلڈ کپ 2023 کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.