اتوار13؍ذوالحجہ 1444ھ2؍جولائی 2023ء

بلجیئم میں پاکستان زندہ باد اور استحکامِ پاکستان کار ریلی

بلجیئم میں پاکستان زندہ باد اور استحکامِ پاکستان کار ریلی کا اہتمام معروف سیاحتی مقام اٹومیئم اسکوائر پر کیا گیا۔

اس کار ریلی کا اہتمام ای یو پاک بلجیئم فیڈریشن کے صدر چوہدری زاہد رضا بھدر نے کمیونٹی رہنما سردار صدیق خان اور ہم ہیں پاکستان آرگنائزیشن بلجیئم کے صدر فرید خان کے مشترکہ تعاون سے کیا۔

کار ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم، شہدائے افواجِ پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اٹھا کر اٹومیئم اسکوائر کی مختلف شاہراہوں پر افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

کار ریلی میں بلجیئم میں مقیم پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں اور دیگر سیاسی اور سماجی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

شرکاء نے عسکری قیادت کے قد آور پوسٹروں سمیت آرمی چیف کے پورٹریٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔

کار ریلی میں ملی نغموں کے دوران شرکاء نے جھنڈے لہرا کر پاکستان اور افواجِ پاکستان سے یک جہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کمیونٹی رہنما سردار صدیق خان، فرید خان، فیصل بھائی، کشمیری رہنما علی رضا سید، ہادی شاہ، سلمان خان، شیخ حماد، ناصر شاہ، راجہ عبدالقیوم اور رانا ارباب نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں ریاست کو نقصان پہنچانا انتہائی افسوس ناک ہے اور کسی فرد یا سیاسی جماعت کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں، پاکستان کے عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وہ ملکی سلامتی کے اداروں کو متنازع بنانے کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں، اس وقت ہمیں آپس میں قومی اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان اور افواج پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوش حالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے اور بیرونِ ملک پاکستان کا اصل اور مثبت چہرہ اُجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں اور کاوشیں جاری رکھیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.