جمعہ 11؍ذوالحجہ 1444ھ30؍جون 2023ء

اس عید بنائیں مزے دار کباب آسان ریسیپیز سے

کباب کا نام لیا جائے اور منہ میں پانی نہ آئے یہ کیسے ہو سکتا ہے، کباب ہر کسی کی مرغوب غذا ہے جسے بنانے کے بہت سے طریقے ہیں، اِنہیں مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت سے بنایا جاتا ہے تاہم گائے کے گوشت سے بنے کباب سب سے زیادہ پسندیدگی حاصل کرتے ہیں۔

کباب کو سیخ، گرِل یا توے پر پکایا جاتا ہے، اسے روٹی، پراٹھے، چاول یا بریڈ سے کھایا جاتا ہے جبکہ کئی افراد ان کے بغیر بھی کھانا پسند کرتے ہیں۔

ویسے تو ’کباب‘ عربی زبان کا لفظ ہے لیکن ترک، ایرانی اور وسطی ایشیائی بھی اس پر اپنا دعویٰ جماتے ہیں، کباب کی ابتداء مشرقِ وسطیٰ سے ہوئی، یہ ایشیاء کی بہت مشہور ڈش ہے بلکہ اب تو پوری دنیا میں اسے بڑے ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے۔

ہمارے ہاں شامی کباب کے علاوہ کئی طرح کے مزیدار کباب بنائے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں کباب بریانی ،کباب مسالہ، کباب رول اور بن کباب جیسے بہت سے پکوان بھی خوب پسند کیے جاتے ہیں۔ 

کباب بنانے کی چند مزیدار اور نہایت آسان ریسیپیز  درج ذیل ہیں جن سے خواتین فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

درکار اجزاء:

بیف کا قیمہ۔ ایک کلو

گندم کا آٹا۔ چار کھانے کے چمچ

لال مرچ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

پیاز(کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

ہرا دھنیا۔ چار کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ہری مرچیں۔ تین عدد

ثابت دھنیا (کُٹا ہوا)۔ ایک چائے کا چمچ

انڈہ۔ایک عدد

انار دانہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ ایک چائے کا چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

ٹماٹر (کٹے ہوئے)۔ دو عدد

تیل۔ فرائی کرنے کیلئے حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے ایک پیالہ لیں اس میں قیمہ اور باقی سارے اجزاء ڈال کر سب کو خوب اچھی طرح مکس کریں، پھر ہاتھوں سے گول کباب بنالیں اور ہلکے تیل میں توے پر انہیں فرائی کریں۔ یاد رہے کہ تلنے سے پہلے درمیان میں ٹماٹر کا ٹکڑا رکھیں اور ٹماٹر والی سائیڈ پہلے فرائی کریں، گرم نان اور دہی کے ساتھ چپلی کباب نوش فرمائیں۔

درکار اجزاء:

چکن کا قیمہ۔ آدھا کلو (گرائنڈ کیا ہوا)

لہسن ادرک پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

پیاز (کٹی ہوئی)۔ ایک عدد

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

الائچی(پسی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

سفید زیرہ پاؤڈر۔ آدھاچائے کا چمچ

کالا ز یرہ پاؤڈر۔ آدھاچائے کا چمچ

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

دار چینی پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

سفید مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

کریم۔ تین چائے کے چمچ

دہی۔ تین چائے کے چمچ

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چٹکی

ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی)۔ پانچ عدد

تیل۔ تین کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

سب سے پہلے چوپر لیں اور اس میں تیل کے علاوہ باقی تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح پیس لیں، اس کے بعد ہاتھوں کو تیل کی مدد سے گریس کر کے قیمے کی بالز بنا لیں اور ان کو سیخ پر لگا کر کباب کی شکل دے دیں، اب اسے کوئلوں پر پکائیں، بیک کر لیں یا پھر فرائی کر کے کوئلوں کا دھواں دے لیں، جب کباب تیار ہوجائیں تو سرونگ پلیٹ میں رکھ کر سبزیوں سے گارنش کر کے پیش کریں۔

درکار اجزاء:

گائے کا گوشت(ابلا ہوا)۔ آدھا کلو

پیاز۔ دو عدد

بریڈ سلائسز۔ چار عدد (آدھا کپ دودھ میں بھگوئے ہوئے)

ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

پودینے کے پتے۔ دس عدد

ہرا دھنیا(کٹا ہوا)۔ دوچائے کے چمچ

ہری مرچ(کٹی ہوئی)۔ تین عدد

پسی ہوئی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

ملائی۔ دوچائے کے چمچ

میدہ۔ تین چوتھائی کپ

پانی۔ تین چوتھائی کپ

انڈے۔ تین عدد (پھینٹے ہوئے)

تیل۔ تلنے کے لیے

ترکیب:

گائے کا گوشت ریشہ کرکے اس میں پیاز، بریڈ سلائسز، ادرک، لہسن، پودینے کے پتے، ہرا دھنیا، ہری ،لال مرچ، گرم مسالہ، نمک، ہلدی اور ملائی مکس کر کے اچھی طرح گوندھ لیں، پھر اسے کباب کی شکل دیں، اس کے بعد میدے اور پانی کو ملا کر پیسٹ تیار کر لیں، کباب کو پہلے میدے کے پیسٹ اور پھر انڈے میں ڈپ کر کے فرائنگ پین میں ڈیپ فرائی کریں اور کیچپ اور نان کے ساتھ پیش کریں۔

درکار اجزاء:

قیمہ۔ آدھا کلو

پیاز۔ چار عدد (تلی ہوئی)

کچا پپیتا ۔ ایک چائے کا چمچ

جاوتری۔ ایک چائے کا چمچ

جائفل۔ ایک چائے کا چمچ

انڈہ۔ ایک عدد

پسا ہوا گرم مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

دہی۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

لال مرچ۔ دو چائے کے چمچ

الائچی(پسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے قیمے میں پیاز اور کچا پپیتا ڈال کر اچھی طرح باریک پیس لیں، اب جائفل اور جاوتری کو باریک پیس کر قیمے میں ڈال دیں، پھر انڈہ، گرم مسالہ، دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، پسی لال مرچ، پسی الائچی اور نمک ڈال کر مکس کریں، اس کے بعد اسے گولا کباب کی شکل دے کر گرم تیل میں فرائی کر لیں۔

درکار اجزاء:

سیخ کباب۔ 12 عدد

کھانے کا تیل۔3 چوتھائی کپ

ادرک لہسن پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

پیاز۔ ایک کپ

دہی۔ 4 سے 5 کھانے کے چمچ

سفید مرچ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ حسبِِ ذائقہ

لال مرچ پاؤڈر۔1 سے 2 چائے کے چمچ

زیرہ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

دھنیا پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ۔ 2 کھانے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ سجاوٹ کے لئے

بادام پاؤڈر۔ 2 کھانے کے چمچ

کریم۔ 3 کھانے کے چمچ

پانی۔ آدھا کپ

ترکیب:

سب سے پہلے تیار شدہ 12 سیخ کباب فرائی کر لیں، ایک پین میں کھانے کا تیل گرم کر کے اس میں پیاز، سبز مرچ اور ادرک لہسن پیسٹ ڈال کر 2 منٹ کے لیے پکا لیں، پھر اس میں دہی، نمک، دھنیا پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر، سفید مرچ پاؤڈر، بادام پاؤڈر اور کریم ڈال کر مزید 2 منٹ پکائیں، پھر پانی ڈال کر 4 سے 5 منٹ پکائیں، اب تیار کیے ہوئے سیخ کباب ڈال کر 5 منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ لیجیے مزیدار کباب ملائی ہانڈی تیار ہے، ہرے دھنیے سے سجا کر کے پیش کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.