اتوار 6؍ذوالحجہ 1444ھ25؍جون 2023ء

عیدالاضحیٰ پر تمام یوسیز چیئرمین عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام یوسیز چیئرمین اپنے اپنے علاقوں میں عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد کی مشترکہ صدارت میں اجلاس ہوا جس میں ٹاؤن چیئرمین اور وائس چیئرمین شریک ہوئے۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، کرم اللّٰہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سالڈ ویسٹ آفس میں منعقدہ اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے دوران آلائشیں جمع کرنے کے آپریشن کے پلان کا جائزہ لیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ جام چکرو، گونڈ پاس اور ملیر کی لینڈ فل سائٹس پر 91 کلیکشن پوائنٹس اور 18 بڑی خندقیں کھو دی گئی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے سلسلے میں آلائشوں کو محفوظ طریقے سے مدفون کرنے کے لیے لینڈ فل سائٹ پر کھدائی کا کام آخری مراحل میں ہے، ہر ڈسٹرکٹ میں شکایات مراکز فعال ہوں گے، شہری 1128 پر اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللّٰہ مراد نے کہا کہ آلائشوں کو مدفون کرنے کے لیے ٹوٹل 18 خندقیں بنائی گئی ہیں، آلائشوں کو اٹھانے کے آپریشن میں ٹوٹل 6802 گاڑیاں اور 24366 لیبر استعمال میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں یوسیز چیئرمین نے آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور کلیکشن پوائنٹس تک پہنچانے میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

میئر کراچی نے تمام چیئرمین کے ہمراہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.