جمعرات 3؍ذوالحجہ 1444ھ22؍جون 2023ء

پیپلز بس سروس کیلئے موبائل اپلیکیشن کا افتتاح

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ لیڈر شپ کی ہدایت پر پیپلز بس سروس موبائل اپلیکیشن لانچ کردی گئی۔

شرجیل میمن نے پیپلز بس سروس موبائل اپلیکیشن کی افتتاحی تقریب میں  کہا کہ پیپلز بس سروس کی تمام معلومات ایپ میں دستیاب ہوں گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ پیپلز بس سروس موبائل اپلیکیشن میں تین اہم فیچرز ہوں گے، جن میں پہلا اہم فیچر ہے پیپلز بس سروس کے روٹس، اوقات اور ان کے کرایوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت تاکہ مسافر تفصیلات کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر سکیں۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ دوسرا فیچر بسوں کو ٹریک کرنے میں مدد کرے گا جو مسافر کو یہ جاننے کی اجازت دے گا کہ اگلی بس کہاں ہے اور کب تک  اس کے مقررہ اسٹیشن تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ فیچر مسافر کو اسٹاپ پر پہنچنے والی آخری بس کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرے گا جبکہ تیسرا فیچر لوگوں کو موبائل ایپ کے ذریعے پیپلز بس سروس کے کرائے کی ادائیگی میں مدد کرے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کو دیگر شہروں تک بھی بڑھایا جائے گا اور  کارڈ سسٹم  بھی جلد متعارف کروایا جائے گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ بسوں میں کیمرے لگے ہوئے ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے تمام چیزیں مانیٹر کر رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کی بھی مانیٹرنگ ہو گی۔

اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بسیں لائی جائیں، فیول کافی مہنگا ہے کوشش ہے کہ لوگوں پر لوڈ نہ پڑے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ صرف الیکشن کی بات نہیں عوام کو ریلیف بھی پہنچانا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.