منگل یکم ذی الحج 1444ھ 20؍جون2023ء

نبیل گبول کی وائرل ویڈیو، بیٹے نے بلاول کی پرانی ویڈیو شیئر کردی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینئر پارٹی رہنما نبیل گبول کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں بلاول بھٹو کو نبیل گبول سے ہاتھ ملانے اور بات کرنے سے گریزاں دیکھا جا سکتا ہے۔

گزشتہ روز نو منتخب کراچی میئر، مرتضیٰ وہاب کی تقریبِ حلف برداری کے دوران پیش آنے والی دلچسپ صورتحال کی یہ ویڈیو جہاں خبروں کی زینت بنی وہیں سوشل میڈیا پر بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلی صف میں بیٹھے نبیل گبول نے بلاول بھٹو کے قریب آنے کی کوشش کی جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے اُنہیں ہاتھ سے پیچھے ہٹاتے ہوئے بات کرنے سے روک دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلاول بھٹو کے نبیل گبول کو پیچھے ہٹانے کے بعد ایک کارکن نے آگے بڑھ کر نبیل گبول کو وہاں سے مزید پیچھے ہٹا دیا۔

اس ویڈیو کے تناظر میں اب سیاسی رہنما، نبیل گبول کے بیٹے نادر نبیل گبول نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بلاول بھٹو کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی ہے۔

نادر نبیل گبول کا اپنی ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھنا ہے کہ موجودہ وزیر خارجہ اور مستقبل کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری مکمل طور پر ایک نفیس انسان ہیں جو اپنے تمام کارکنان سے گرم جوشی اور محبت سے ملتے ہیں۔

نادر کی جانب سے شیئر کی گئی اس پرانی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلاول بھٹو پہلے گرم جوشی سے بات کرتے ہوئے نادر گبول سے مصافحہ کرتے ہیں، بعدازاں نادر کے ساتھ تصویر بھی بنواتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وائرل ہونے والی بلاول اور نبیل گبول کی اس ویڈیو پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے سعید غنی نے بتایا تھا کہ اس ویڈیو میں بلاول بھٹو کا نبیل گبول سے کہنا تھا کہ کیا ساری بات یہیں کرلو گے جس پر بلاول بھٹو کی بات پر نبیل گبول کو پیچھے ہٹنا پڑا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.