پیر 29ذیقعد 1444ھ 19؍جون2023ء

یونان کشتی حادثے کے شکار افراد کے خاندان کی معاونت کا اعلان

وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ حکومت کشتی سانحے کا شکار افراد کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی۔

ایک بیان میں رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ یونان میں کشتی حادثہ میں ہونے والی اموات بہت بڑا سانحہ ہے، ملک بھر کے عوام اپنے بھائیوں کی دیار غیر میں اموات پر سوگوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں اس سانحہ پر قومی سطح پر سوگ منایا جا رہا ہے، انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ درندہ صفت انسانی اسمگلروں کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) حرکت میں آ چکا ہے، لاہور اور کراچی میں اس سلسلہ میں گرفتاریاں بھی کی گئی ہیں۔

یونان میں پیش آئے تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے سانحے کے ذمے دار انسانی اسمگلرز کے ایجنٹ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گجرات سے گرفتار کر لیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا، وزیرِ اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی ذمے داروں کا تعین اور انسانی اسمگلنگ کے انسداد کے لیے سفارشات دے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کا دھندہ کرنے والوں کی عبرتناک سزا کے لیے قانون سازی کی جائے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین سے مکمل ہمدردی ہے اور ان کے دکھ میں شریک ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.