پیر 29ذیقعد 1444ھ 19؍جون2023ء

کراچی کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد پولیو مہم کا آغاز

کراچی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔

محکمۂ صحت کے حکام کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیو مہم 25 جون تک جاری رہے گی۔

حکام نے کہا ہے کہ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر 18 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انسداد پولیو مہم سندھ کے 9 اضلاع کی 120 یوسیز میں شروع کی جا رہی ہے۔

محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم حیدرآباد اور جامشورو میں ہو گی، پولیو مہم کراچی کے ضلع وسطی، شرقی، کیماڑی ،کورنگی، ملیر، جنوبی اور غربی میں ہو گی۔

حکام نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں 10 ہزار سے زائد پولیو ورکرز  حصہ لے رہے ہیں، پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے 2200 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

محکمۂ صحت سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مہم کی افتتاحی تقریب حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکزی آفس میں ہوئی، وزیر صحت سندھ نے انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں سربراہ کے ہمراہ مہم کا افتتاح کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.