اتوار 28؍ذیقعد 1444ھ18؍جون 2023ء

سراج الحق کا میئر کراچی کا الیکشن دوبارہ کروانے کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کے خلاف عدالت جائیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 30 افراد کو لایا جائے، الیکشن کا دوبارہ انعقاد کروایا جائے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں مینڈیٹ پر ڈاکا مارا گیا، شب خون مارا گیا، پیپلز پارٹی نے الیکشن نہیں جیتا، اغوا برائے تاوان کی کارروائی کی، پیپلز پارٹی نے سوا تین کروڑ لوگوں کے حق پر ڈاکا ڈالا۔

سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے شہزادے کی خواہش تھی کہ میئر کراچی پیپلز پارٹی کا ہونا چاہیے۔ کراچی کے الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن نے اپنا وقار ختم کر دیا ہے، کراچی کے عوام نے اپنے بچوں کی خاطر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی برسراقتدار ہے، نہ لاڑکانہ کو ترقی دی نہ سکھر کو نہ حیدرآباد کو۔ آپ یہ مینڈیٹ ہضم نہیں کرسکیں گے، 1977 میں بھی آپ لوگوں نے دھاندلی کی کوشش کی تھی۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ 23 جون کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ہوگا، ہر قیمت پر چوری کرنے والوں سے چوری کا مال واپس لیں گے، ہم کراچی کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے محبت کا اظہار کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.