ہفتہ 27؍ذیقعد 1444ھ17؍جون 2023ء

سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کا کھلاڑیوں کی تنخواہوں سے متعلق انکشاف

پاکستان قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے حالیہ انٹرویو میں کھلاڑیوں کو ملنے والے معاوضے کی تفصیلات بتا دیں۔

معروف یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کرکٹر نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

شو میں یوٹیوبر نے سابق کھلاڑی سے سوال کیا کہ ’آپ نے لیگز سے زیادہ پیسے کمائے یا قومی کرکٹ سے؟‘

یوٹیوبر کے کھلاڑیوں کو ملنے والے معاوضے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے عبدالرزاق نے بتایا کہ میں نے 1996 میں زمبابوے کے خلاف ہونے والے میچ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اس وقت ہمیں 10 ہزار فی میچ معاوضہ ملا کرتا تھا بعدازاں اس میں اضافہ ہوا اور 2000 میں ڈھائی لاکھ روپے ملنے لگے جبکہ بھارت میں اس وقت فرسٹ کلاس کرکٹ کے لیے رقم بہت زیادہ تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری تمام کمائی قومی کرکٹ ٹیم کی مد میں ہوتی تھی۔ 2001 سے قبل کوئی سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہوا کرتا تھا، اس وقت ہم اچھی اوسط کے ساتھ کھیلتے تھے، سال میں تقریباً 35 ایک روزہ اور 10 ٹیسٹ میچ کھیلا کرتے تھے۔

یوٹیوبر نے سابق کھلاڑی سے کرکٹ سے رخصت لیتے وقت کے بارے میں پوچھا کہ اس وقت تک کھلاڑیوں کا معاوضہ کتنا ہو گیا تھا؟

یوٹیوبر کے سوال پر عبدالرزاق نے بتایا کہ 2013 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی اس وقت تک ون ڈے کے لیے ساڑھے 5 یا 6 لاکھ اور ٹیسٹ میچوں کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا اضافہ ہو گیا تھا جو کہ اب اس سے دُگنا یا تگنا ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت ان کے پاس اچھے اسپانسرز اور اشتہارات بھی ہوا کرتے تھے جس سے اچھی آمدن ہوجایا کرتی تھی۔

اگر ہم کرکٹ کی بات کریں تو عبدالرزاق آئی سی سی ورلڈ کپ  2009  کے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ بھی تھے جو پاکستان نے اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے 265 ون ڈے اور 46 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں تاہم اب کوچنگ سے منسلک ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.