جمعہ 26؍ذیقعد 1444ھ16؍جون 2023ء

کراچی کے حقوق کی تحریک کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے حقوق کی تحریک کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

 کراچی میں میئر کے انتخاب کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایڈمنسٹریٹر نے 21 ارب روپے کی کرپشن کی۔

انہوں نے کہا کہ 12 دفعہ سرکلر ریلوے کا افتتاح کیا گیا، آج تک سرکلر ریلوے نہیں چلی، ایک ہی بس کا مختلف نام پر افتتاح کیا گیا، لیکن کراچی کے عوام کو باعزت ٹرانسپورٹ نہیں دی گئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ’حق دو کراچی کو‘ تحریک کا نیا مرحلہ شروع کریں گے۔ اس حوالے سے احتجاج کا اعلان کرتا ہوں، عید کے بعد ایک بڑا جلسہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوگیا ہے، ملک کے عوام نے کراچی سے اظہار یکجہتی کیا، چوروں کو بے نقاب کیا، ہم31 لوگوں کے غائب کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جائیں گے۔

حافظ نعیم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے کہ کراچی کے چارٹرڈ پر سب کو اتحاد کرلینا چاہیے، پیپلز پارٹی کو پورا پاکستان مینڈیٹ چور اور ڈاکو کہہ رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ایک جدوجہد عدالت میں ہوگی اور ایک جدوجہد سڑکوں پر کی جائے گی، کارکنان جدوجہد جاری رکھیں، کراچی کے حقوق کی تحریک کا نیا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.