جمعرات 25؍ذیقعد 1444ھ15؍جون 2023ء

وقت گزرنے کے ساتھ طوفان بپرجوائے کا کراچی سے فاصلہ کم

شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کی شدت برقرار ہے اور اس کا فاصلہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان کی جانب کم ہوتا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بپرجوائے گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے اور پاکستان کے ساحلی علاقوں سے اس سمندری طوفان کا فاصلہ مزید کم ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 220 کلومیٹر جبکہ ٹھٹھہ کے جنوب سے 210 کلومیٹر اور کیٹی بندر کے جنوب سے 130 کلومیٹر دور ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے اطراف میں ہواؤں کی رفتار 120سے 140کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ہر گھنٹے بعد طوفان کی رفتار اور رُخ تبدیل ہو رہا ہے۔

اس سے متعلق محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ طوفان کے اطراف کبھی ہواؤں کے جھکڑ 150کلومیٹر فی گھنٹا رفتار کو چھو رہے ہیں اور سسٹم کے مرکز کے اطراف سمندر میں شدید طغیانی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے مرکز کے گرد سمندر کی لہریں 25 سے 30 فٹ تک بلند ہو رہی ہیں، شمال مشرق کی جانب بڑھتا طوفان کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات کے درمیان ٹکرائے گا۔

سمندری طوفان بپرجوئے پر عالمی ماہرموسمیات جیسن نکولس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سمندری طوفان شمال، شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

عالمی ماہر موسمیات کا کہنا تھا کہ بپرجوئے کا لینڈفال بھارتی وقت کے مطابق شام 5:30 سے رات 8:30 کے درمیان گجرات میں جاکھاؤ پورٹ کے قریب ہوگا۔

جیسن نکولس کے مطابق پیر کو دہلی میں بھی بارش کا امکان ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.