جمعرات 25؍ذیقعد 1444ھ15؍جون 2023ء

9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ٹرائل کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کا جیل کے اندر ٹرائل کا فیصلہ کیا ہے۔

 نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائیوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ملزمان کےخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات کی سماعت روزانہ ہوگی، جیل کے اندر ٹرائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔

اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کےخلاف قانونی کارروائیاں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے پولیس اور پراسیکیوشن کو ملزمان کے خلاف مضبوط شہادتیں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی بھی شرپسند کو معاف نہیں کیا جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہونے دی جائے گی۔

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کو اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تفتیش کے دوران بے گناہ ثابت ہونے پر 200 افراد کو بری کر دیا گیا ہے، شرپسندوں کےخلاف مقدمات مضبوط شہادتوں کے ساتھ پیش کیے جا رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.