کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے آرٹس کونسل کراچی میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
پولنگ کا وقت شروع ہوتے ہی پولنگ اسٹیشن آرٹس کونسل کا دروازہ بند کر دیا گیا تھا۔
انتخاب میں حصہ لینے کے لیے میئر کراچی کے لیے جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب آرٹس کونسل میں موجود ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو اور سعید غنی بھی آرٹس کونسل میں ہیں۔
اس موقع پر امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اور پی پی رہنما سعید غنی والہانہ انداز میں گلے ملے۔
پی ٹی آئی ارکان کا پہلا گروپ جماعتِ اسلامی کے ارکان کے ساتھ آرٹس کونسل پہنچا ہے۔
پی ٹی آئی کے 3 ارکان کو بکتر بند کے ذریعے آرٹس کونسل پہنچایا گیا ہے، ان اراکین میں فردوس شمیم نقوی بھی موجود ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع اور انٹری رجسٹر کے مطابق کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے سلسلے میں 366 میں سے 332 اراکین پولنگ اسٹیشن آرٹس کونسل پہنچے ہیں، جبکہ 34 اراکین غیر حاضر ہیں۔
جماعتِ اسلامی کراچی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے لگائے ہیں۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری نے جماعتِ اسلامی کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے میئر کراچی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم فتح کے قریب ہیں، ان شاء اللّٰہ ہماری جیت ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ اراکین کے لیے عشائیہ منعقد کیا تھا، ہمارے تمام 173 اراکین عشائیے میں موجود تھے، تمام اراکین کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم اپنا نمبر ایوان میں پورا کریں گے، حافظ صاحب! ہار جیت سیاست کا حصہ ہے ماحول خراب نہ بنائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے عمل کو متنازع نہ بنایا جائے، ہم سب کی ایک ترجیح ہے کہ ترقی ہو، ان شاء اللّٰہ ہم اس شہر کو ترقی دیں گے۔
جماعتِ اسلامی کی منتخب خواجہ سرا رکن چاندنی شاہ کا کہنا ہے کہ پہلی بار خواجہ سراء بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
یہ بات جماعتِ اسلامی کی منتخب خواجہ سراء رکن چاندنی شاہ نے آرٹس کونسل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعتٍِ اسلامی کی خصوصی سیٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہی ہوں۔
’اگر حافظ نعیم کے پاس نمبر پورے ہیں تو وہ جیت جائینگے‘
صدر پی پی کراچی سعید غنی کا کہنا ہے کہ اگر حافظ نعیم الرحمٰن کے پاس نمبر پورے ہیں تو وہ جیت جائیں گے۔
یہ بات صدر پی پی کراچی سعید غنی نے آرٹس کونس میں ’جیو نیوز ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں وہ جیتتا ہے جس کے پاس سب سے زیادہ ووٹ ہوتے ہیں۔
سعید غنی کا مزید کہنا ہے کہ ایسا تو نہیں ہو سکتا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کے میئر بننے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے۔
صدر پی پی کراچی سعید غنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ان کی ناکامی ہے کہ اپنے ممبر پورے نہیں کر سکے۔
ووٹنگ میں حصہ لینے کے لیے جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے منتخب چیئرمین و سٹی کونسل اراکین آرٹس کونسل پہنچے ہیں۔
صبح 9 بجے آرٹس کونسل میں قائم پولنگ اسٹیشن کے دروازے کھول دیے گئے تھ، شناخت کے بعد ووٹر کو اندر جانے کی اجازت دی گئی۔
کسی بھی شخص کو موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت نہیں تھی۔
اراکین کی شناخت کے لیے آرٹس کونسل کے باہر 4 کاؤنٹرز بنائے گئے تھے، منتخب نمائندوں کو شناختی کارڈز دکھانے کے بعد ووٹنگ کارڈ جاری کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابی عمل کا آغاز ہو گا، 246 منتخب چیئرمینز اور 121 مخصوص نشستوں پر منتخب افراد ووٹ ڈالیں گے۔
پہلے میئر اور پھر ڈپٹی میئر کا انتخاب ہو گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے امیدواروں کی جاری کی گئی حتمی فہرست کے مطابق میئر کراچی کے لیے 2 امیدوار مدِ مقابل ہیں۔
میئر کراچی کے لیے جماعتِ اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب ہیں۔
کراچی کے ڈپٹی میئر کے لیے سید سیف الدین جماعتِ اسلامی کے جبکہ سلمان مراد پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔
Comments are closed.