بدھ 24؍ذیقعد 1444ھ14؍جون 2023ء

کراچی میں ساحل کے قریب رہائشیوں کو گھر خالی کرنے کی ہدایت

کراچی میں ساحل کے قریب رہائش پذیر افراد کو اپنے گھر خالی کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔

ڈی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث ساحل پر تیاریاں جاری ہیں اور انتظامیہ نے شہریوں کی حفاظت کی خاطر یہ فیصلہ کیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ساحل کے نزدیک سی ویو اپارٹمنٹ اور درخشاں ولاز سے نقل مکانی کی جائے جبکہ چھوٹا بخاری، چھوٹا شہباز، نشاط اور اطراف کے علاقوں کے رہائشی بھی گھروں کو خالی کریں۔

دوسری جانب سمندری طوفان بپرجوائے کے پیشِ نظر کراچی میں ممکنہ حالات کے حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے سیکیورٹی ڈویژن کا اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں قائم کردیا گیا۔

ترجمان ایس ایس یو کے مطابق شہر میں ممکنہ بارشوں اور ہنگامی حالات پر اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ ہمہ وقت تیار رہے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اربن فلڈنگ ریسکیو یونٹ بارش میں پھنسے شہریوں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ یونٹ خصوصی تربیت یافتہ ایس ایس یو کمانڈوز پر مشتمل ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.