منگل23؍ذیقعد 1444ھ13؍جون2023ء

کراچی: بپرجوائے بپھر گیا، گرد آلود تیز ہوائیں چلنے لگیں

طوفان بپرجوائے بپھر گیا، اس کے اثرات کراچی میں سامنے آنے لگے، شہر میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں۔

شہرِ قائد میں مشرق اور شمال مشرق سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار آج 36 سے 45 کلو میٹر فی گھنٹہ رہے گی۔

اس وقت شہر کا درجۂ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے۔

شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود ایکسٹریملی سیویئر سائیکلونک اسٹارم بپرجوائے کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور وہ ایکسٹریملی سیویئر سائیکلونک اسٹارم سے انتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کئی سال سے بحیرۂ عرب کے طوفانوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ طوفان بپرجوائے نے ابتدائی مرحلے میں ہی شدت پکڑ لی تھی۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا ہے کہ موجودہ سمندری طوفان کے دوران سطحِ سمندر کا درجۂ حرارت معمول سے زیادہ رہا ہے، سطحِ سمندر کا درجۂ حرارت 30 سے 32 درجے معمول سے زیادہ ہے۔

جواد میمن کے مطابق 5 سے 6 سال سے بحیرۂ عرب شدید متحرک ہوتا جا رہا ہے، اسی سال 5 ٹروپیکل سسٹم بھی بحیرۂ عرب میں بنے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ آنے والے وقتوں میں طوفانوں کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ممکنہ سمندری طوفان بپرجوائے کے اثرات پہنچنے لگے، کراچی کے ساحلی علاقوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے لگا۔

دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق گرد آلود ہواؤں کے باعث شہر کا فضائی معیار مضرِ صحت ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کی آلودگی کے اعتبار سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کراچی کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 160 پرٹیکیولیٹ میٹرز ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.