پیر 22؍ذیقعد 1444ھ 12؍جون2023ء

استحکامِ پاکستان پارٹی ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے، عون چوہدری

استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر سکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے بات چیت کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ملک میں پچھلے کچھ مہینوں سے ایک سیاسی جماعت کی جانب سے بے یقینی کی صورتحال پیدا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت ہم نے خود بنائی تھی اور بعد میں ہم اُس سے اِسی لیے نکل گئے کیونکہ اس میں حقیقی لوگوں کی مزید گنجائش باقی نہیں رہی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں عون چوہدری نے کہا کہ ہماری نئی سیاسی جماعت کا نام بھی اسی لیے استحکام پاکستان پارٹی رکھا گیا ہے کیونکہ ہم پاکستان میں سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا اس نفرت کی سیاست کو اب بس کر دیا جائے، جس طرح سے گزشتہ ایک سال میں ذاتیات اور دشمنیوں کا ماحول بن گیا ہے، سیاست میں ایسا پہلے تو کبھی نہیں دیکھا تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھی۔

استحکام پاکستان پارٹی میں شامل زیادہ تر رہنما وہ ہیں جو یا تو ماضی میں پی ٹی آئی کا حصہ رہے ہیں یا پھر انہوں نے 9 مئی 2023ء کو ہونے والے واقعات کے بعد پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جدا کی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.