جمعہ 19؍ذیقعد 1444ھ9؍جون 2023ء

’غیرت مند تھے جو گھناؤنی ویڈیو کے سبب دنیا ہی چھوڑ گئے،‘ عامر لیاقت کی پہلی برسی پر بشریٰ اقبال کا ٹوئٹ

معروف میزبان، سابق رکنِ قومی اسمبلی کی سابقہ اہلیہ ڈاکٹر سیدہ بشریٰ اقبال نے مرحوم عامر لیاقت کی پہلی برسی پر جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔

عامر لیاقت کی وفات کو ایک سال گزر گیا ہے، گزشتہ سال 9 جون کو عامر لیاقت اچانک اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے تھے، عامر لیاقت کی وفات کی خبر نے سب ہی کو غمگین کر دیا تھا۔

عامر لیاقت کی سابقہ پہلی اہلیہ، اسلامک اسکالر ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے کچھ دیر قبل سابق شوہر کی یاد اور اُن کی پہلی برسی سے متعلق ٹوئٹس کیے ہیں۔

بشریٰ اقبال کا اپنے ٹوئٹس میں لکھنا ہے کہ ’ایک ہنستا بولتا انسان کیسے اس دنیا کی بے حسی کی نذر ہوگیا، غیرت مند تھے جو اس دنیا کا سامنا کرنے سے گھبرا گئے اور روتے روتے اس گھناؤنی ویڈیو کی وجہ سے اتنے ڈپریشن اور اذیت میں آئے کہ دنیا ہی چھوڑ گئے، اتنا آسان نہیں کسی کی عزت اور جان سے کھیل جانا، اللّٰہ کی پکڑ سخت ہے۔‘

پاکستانی ٹی وی میزبان و اسلامک اسکالر ڈاکٹر بشریٰ اقبال نے اپنے مرحوم اور سابق شوہر ڈاکٹر عامر لیاقت کی پہلی برسی کے موقع پر ان کی یاد میں ساتھی فنکاروں کے بیانات ریکارڈ کرکے جاری کردیئے۔

بشریٰ اقبال نے اپنے دوسرے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’آج عامر لیاقت مرحوم کی پہلی برسی ہے، ایک سال گزر گیا یہ دکھ اب بھی اتنا ہی تازہ ہے جیسے 9 جون 2022ء کو تھا۔ ان کی تکلیف اور اذیت کے ذمہ داران کو سزا ملے یہ کڑی کوشش اب بھی جاری ہے اور جاری رہے گی جب تک عامر کو انصاف نہیں مل جاتا، سب سے بڑی عدالت کا سامنا تو باقی ہے۔‘

واضح رہے کہ عامر لیاقت اور بشریٰ اقبال کی بیٹی دعا عامر نے عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک پر اپنے والد کے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا ہے جس پر کراچی کی عدالت میں تاحال کارروائی جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.