کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی میں افغان گینگ اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔
نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی میں صبح سویرے افغان ڈکیت گینگ کے کارندے بنگلے میں کیسے داخل ہوئے؟ گھر کے اندر کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افغان گینگ کے 4 کارندے اسلحہ لہراتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے تھے، ڈاکوؤں کو دیکھ کر اہلخانہ خوفزدہ ہوگئے۔
متاثرہ فیملی میں مرد، خاتون اور بچی کو سہمے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اہلخانہ نے ہاتھ کے اشارے سے ڈاکوؤں کو گولی نہ چلانے کی درخواست کی تو ڈاکوؤں نے اندر داخل ہوتے ہی اہلخانہ کو یرغمال بنایا۔
چاروں ڈاکو شلوار قمیص میں ملبوس تھے، جبکہ چہرے مکمل طور پر رومال سے ڈھانپے ہوئے تھے، مسلح ڈاکوؤں نے اندر داخل ہوتے ہی لوٹ مار شروع کی۔
لوٹ مار کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم بھیجی گئی، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل معروف عثمان کے مطابق کار میں بیٹھے ایک ڈاکو نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کی، جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا اور 4 ساتھی ملزمان فرار ہوگئے۔
ڈاکٹر معروف عثمان کے مطابق فرار ڈاکو اپنے ہمراہ 4 موبائل فونز اور 70 ہزار روپے بھی لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے گھر میں موجود طلائی زیورات بھی جمع کرلیے تھے، تاہم مقابلے کے باعث ڈاکو طلائی زیورات اپنے ساتھ نہ لے جاسکے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ڈاکوؤں کا تعلق افغان ڈکیت گینگ سے ہے ڈاکوؤں کا گینگ سفید کار میں گھروں میں ڈکیتیاں کرتا ہے۔
Comments are closed.