اتوار 14؍ذیقعد 1444ھ4؍جون 2023ء

ایف بی آر پھر ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کرنے میں ناکام

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایک مرتبہ پھر مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں کا ہدف پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔

اس ناکامی کے باعث جولائی سے مئی تک ٹیکس وصولیوں میں 440 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

جولائی سے مئی تک ٹیکس وصولیوں کا ہدف 6 ہزار 640 ارب روپے تھا لیکن اس عرصے میں 6 ہزار 200 ارب روپے ہی اکٹھے ہو سکے۔

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر کو ٹیکس وصولیوں میں 440 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا رہا۔

ایف بی آر ذرائع نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا ہے کہ مئی کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 621 ارب روپے تھا جبکہ ایف بی آر مئی کے مہینے میں 567 ارب روپے اکٹھے کر سکا ہے۔

اس طرح مئی کے مہینے میں ٹیکس وصولیوں میں 54 ارب روپے کی کمی کا سامنا رہا۔

رواں سال 30 جون تک ایف بی آر کو 7 ہزار 604 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرنا ہے۔

یہ ہدف پورا کرنے کے لیے ایف بی آر کو جون کے مہینے میں 964 ارب روپے اکٹھے کرنے ہوں گے۔

ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مئی کے دوران 572 ارب روپے کے خالص محصولات اکٹھے کیے۔

ڈومیسٹک انکم ٹیکس کی مد میں 205 ارب روپے جمع کیے گئے جو مئی 2023ء کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.