جمعرات 11؍ذیقعد 1444ھ یکم؍جون 2023ء

سابق چیف جسٹس کا بیٹا خود کو چیف جسٹس سمجھ رہا ہے: روحیل اصغر

چیئرمین اسلم بھوتانی کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی آڈیو لیک خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی کے رکن شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس کا بیٹا خود کو چیف جسٹس سمجھ رہا ہے۔

چیئرمین کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کو رولز 227 کے تحت کمیٹی نے سمن کیا تھا، کمیٹی میں طلبی کے باجود نجم ثاقب سمیت دیگر فریقین اجلاس میں نہیں آئے۔

کمیٹی کے رکن شیخ روحیل اصغر نے آڈیولیکس کے معاملے پر وزارتِ خزانہ کے حکام کو بلانے کی تجویز دے دی اور کہا کہ وزارتِ خزانہ سے اکاؤنٹس کی چھان بین کرائی جائے، سابق چیف جسٹس کا بیٹا خود کو چیف جسٹس سمجھ رہا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیو لیکس کیس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی طلبی کا سمن معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

برجیس طاہر نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کو چاہیے تھا کہ وہ خود اپنے بیٹے کو یہاں بھیجتے، ثاقب نثار کو قانون پر یقین ہوتا تو بیٹے کو یہاں خود بھیج کر قانون پسند ہونے کا ثبوت دیتے۔

چیئرمین کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ فنانس اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مہیا کرے کہ آیا ان دنوں میں کوئی بینک ٹرانزکشن ہوئی، معاملے پر وزارتِ داخلہ کمیٹی کو اپنا مؤقف بتائے۔

وزارتِ خزانہ کے حکام نے کمیٹی کے سامنے کہا کہ آڈیو پارلیمانی نظام کے لیے باعثِ تشویش ہے، پارلیمنٹ اس معاملے کا نوٹس لے سکتی ہے، تحقیقات بھی کر سکتی ہے۔

’’کمیٹی کسی کے وارنٹ بھی جاری کر سکتی ہے‘‘

ایڈیشنل سیکریٹری لیجسلیشن قومی اسمبلی نے کمیٹی کو بتایا کہ کمیٹی کسی بھی فرد کو ناصرف طلب کر سکتی ہے بلکہ اس کے وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کر سکتی ہے، عدالت نے کمیٹی کو غیر قانونی قرار نہیں دیا، قواعد کمیٹی کو اجازت دیتے ہیں کہ کسی کو بھی طلب کرے، پارلیمنٹ کی کمیٹی کے پاس سول کورٹ کی پاورز ہیں، عدالت کے حکم کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے بھی کمیٹی چلائی۔

چیئرمین کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ یہ کمیٹی تو ثاقب نثار کے بیٹے کو سہولت دے رہی ہے کہ وہ اپنی وضاحت کریں۔

خالد مگسی نے کہا کہ ہم کسی کو سہولت نہیں دے رہے، انصاف کے لیے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ آپ وزارتِ خزانہ کو لکھیں کہ اس عرصے کی بینک ٹرانزیکشن فراہم کرے۔

ناز بلوچ نے کہا کہ کرپشن کی رقم اکاؤنٹس میں نہیں لی جاتی، کمیٹی اپنے اختیارات کو استعمال کرے۔

برجیس طاہر نے کہا کہ یہ ہاؤس کی اسپیشل کمیٹی ہے جو 24 کروڑ عوام کا نمائندہ ایوان ہے، اگر وہ لوگ اس کمیٹی کو کچھ نہیں سمجھتے تو پھر رولز کے مطابق وارنٹ جاری کرنے چاہئیں۔

کمیٹی نے ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب اور عزیز کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لیں۔

وزارتِ قانون کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ نوٹس کے بعد نہ آنے پر کمیٹی سمن جاری کر سکتی ہے، سمن کے بعد بھی کوئی کمیٹی کے سامنے نہ آئے تو اس کے وارنٹ جاری کیے جا سکتے ہیں۔

اسلم بھوتانی نے کمیٹی کے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ کمیٹی تینوں حضرات کو سمن جاری کرے، ہمیں کسی عدالت کا کوئی حکم تا حال موصول نہیں ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.