شمالی کیرولائنا: رات کو دیر سے چائے یا کافی پینا اور بیچ رات میں کھانا کھانا نیند نہ آنے کی وجوہات کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن ماہرین کے مطابق ایک چیز ایسی بھی جو ہماری راتوں کی نیند کو خراب کرسکتی ہے۔
ڈیوک یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سونے سے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے سے لوگوں کو نیند آنے میں تین گھنٹے تک کی تاخیر ہوسکتی ہے۔
50 ہزار افراد پر کی جانے والی تحقیق کے محققین کو معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو اپنے سونے کے اوقات میں ایک گھنٹے کے اندر سوشل میڈیا پر کچھ پوسٹ کرتے ہیں انہیں نیند آنے میں دُگنا وقت لگ جاتا ہے۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جنہوں نے سونے سے قبل متعدد بار پوسٹ شیئر کیں ان کو ایک بار پوسٹ کرنے والوں کی نسبت تاخیر سے نیند آئی۔
یہ خیال کیا جاتا ہے کہ پوسٹ پر لائیک اور کمنٹس کا خیال ایڈرینالائن نامی ہارمون کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ ہارمون نیند کے آنے میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔ فون سے نکلنے والے نیلی روشنی کو بھی ہماری نیند کو خراب کرنے کا سبب سمجھا جاتا ہے۔
تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ولیم میئرسن کے مطابق نیند کے اڑ جانے کے، اسکرین لائٹ کے سرکاڈین رِدم میں خلل سے لے کر پوسٹ پر آئے کمنٹس ار لائیک سمیت کئی اسباب ہوسکتے ہیں۔
جرنل سلِیپ میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے لیے محققین نے 51 ہزار ایسے افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جو ریڈ اِٹ استعمال کرتے تھے۔
محققین نے ریڈ اِٹ کی تخلیق سے یعنی 2005 سے 2021 کے درمیان صارفین کی جانب سے کی جانے والی 23 کروڑ 60 لاکھ پوسٹ کا مطالعہ کیا۔
Comments are closed.