پیر 8 ذیقعد 1444ھ 29؍مئی 2023ء

ڈاکو سمجھ کر شہریوں کا تشدد، مرنے والے بے گناہ نکلے

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں شہریوں کے تشدد سے ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو بے گناہ نکلے، مرنے والے دونوں افراد کی شناخت کرلی گئی۔

اہلخانہ نے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا، پولیس نے موبائل فون ویڈیو کے ذریعے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

7 مئی کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار میں شہریوں نے مشتبہ جانتے ہوئے 3 افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا، جن میں سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرا شدید زخمی ہوگیا، مرنے والے دونوں افراد کی شناخت بابر اور نصیر کے نام سے کی گئی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ تینوں افراد بے گناہ ہیں، لوٹ مار کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا جبکہ تینوں کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں نکلا۔

پولیس نے مقدمہ 150 سے 200 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا اور موبائل فون کی ویڈیوز کے ذریعے اب تک 3 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

مقتولین کے اہلخانہ کے مطابق بابر اور نصیر اپنے دوست اویس کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے مشکوک سمجھ کر ان پر تشدد کیا جس کے بعد موقع پر موجود افراد نے انہیں تشدد کرکے قتل ہی کر ڈالا۔

اہلخانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.