وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جنہوں نے شہدا کی بےحرمتی کی وہ قوم کے مجرم ہیں۔
راولپنڈی میں یوم تکریم شہدا کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کے قدموں میں محبتوں کے پھول نچھاور کرنے آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا نے وطن کی سالمیت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، شہدا کے اپنے بچے یتیم ہوئے لیکن وطن کے لاکھوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج محفوظ ہاتھوں میں ہے، آج ان عظیم شہدا کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک لیڈر کے بہکانے پر شہدا اور غازیوں کی بےحرمتی کی گئی، ان دہشتگردوں کا قانون کے مطابق صفایا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کی عظیم ماؤں اور ان کے بچوں کو سلام کرتا ہوں، یوم تکریم کا پیغام ہے جو لوگ وطن کے بجائے اپنی ذات کو اہمیت دیتے ہیں وہ گمراہ ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشتگردی، فتنے کے خاتمے کیلیے ادارے تمام توانائیاں بروئے کار لارہے ہیں۔
Comments are closed.