پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ساؤتھ افریقین ٹیم کی طاقت کا بخوبی اندازہ ہے ہمارے کھلاڑی بلا خوف و خطر مقابلے کیلئے تیار ہیں۔
سینچورین سے آن لائن پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ کھلاڑی بغیر کسی دباؤ کے کھیلیں گے توقع ہے کہ ہمارے ٹاپ فور بیٹسمین اسکور 350 تک پہنچا دیں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ہماری بولنگ حریف ٹیم کو 300 سے کم اسکور تک محدود رکھنے کی صلاحت رکھتی ہے، جب بھی موقع ملا سرفراز احمد کو بھی کھلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پریکٹس اچھی رہی ہے، کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی ہے، ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے میچز ہمیں اتنے نہیں ملے جتنے ملنے چاہئیں تھے۔
بابر اعظم نے بتایا کہ ماڈرن ون ڈے کرکٹ کو سامنے رکھ کر پلان بنائے ہیں،دنیا میں جس طرح کرکٹ ہو رہی ہے اس کے مطابق کھیلیں گے،ہماری کوشش ہے کہ جیتیں اور اپنے پوائنٹس کو بہتر کریں۔
کپتان کا کہنا تھا کہ کمبی نیشن ذہن میں ہے ایک دو تبدیلیاں ہوتی ہیں جو مناسب ہوگا کمبی نیشن کیلئے کھلائیں گے،سب کھلاڑی دستیاب ہوتے ہیں اور دیکھیں گے کہ کمبی نیشن میں کون سیٹ ہوتا ہے،کنڈیشنز کس کیلئے اچھی ہیں اسی کے مطابق سب کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔
بابر نے کہا کہ بہتری کی ہر وقت ضرورت رہتی ہے اس پر کام جاری رہتا ہے، میں سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کو فیورٹ سمجھتا ہوں ہماری تیاری بہت اچھی رہی ہے۔
Comments are closed.