مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات پر پوری قوم شرمندہ ہے۔
اسلام آباد میں ایف نائن پارک سے نیشنل پریس کلب تک ق لیگ نے افواج پاکسان کے حق میں ریلی نکالی۔
ریلی کی قیادت چوہدری سرور نے کی اور اختتام پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر پوری قوم شرمندہ ہے، شہدا کی یادگار پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
چوہدری سرور نے مزید کہا کہ کرنل شیر خان شہید کی بہادری کو دشمن تک نے تسلیم کیا، ہم شہید فیملی سے معافی مانگتے ہیں کہ ان کی قدر نہ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی یادگار پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، یقین دلاتا ہوں پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔
ق لیگی صدر نے کہا کہ آج اسلام آباد میں ریلی کا مقصد افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی تھا،خواتین ملک کا 50 فیصد ہیں، وہ آج ریلی میں شریک ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلا پیغام یہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نے پاکستان بنایا، ملک جن مسائل سے گزر رہا ہے، ان سے ہم بچائیں گے۔
چوہدری سرور نے یہ بھی کہا کہ افواج پاکستان پر حملہ کرنے کا عمل قابل مذمت ہے، ق لیگ پورے ملک میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کےلیے ریلیاں نکال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14 مئی کو چوہدری شجاعت نے لاہور میں ریلی نکالی، پشاور اور کوئٹہ میں مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے ریلیاں نکالیں۔
Comments are closed.